جہلم کے علاقے اسلام پورہ کی مرکزی سڑک کئی سالوں سے خستہ حالی کا شکار

جہلم: شہر کے گنجان آباد علاقے اسلام پورہ کی مرکزی سڑک کئی سالوں سے خستہ حالی کا شکار ہے، جس کی وجہ سے علاقہ مکین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ مکینوں نے ارباب اختیار سے سڑک کی فوری تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقہ اسلام پورہ کی سڑک جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے، جس سے نہ صرف آمدورفت میں دشواری ہو رہی ہے بلکہ مکینوں کی قیمتی گاڑیاں بھی گڑھوں کی وجہ سے خراب ہو رہی ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کی مسلسل عدم توجہی نے انہیں پتھر کے زمانے کی زندگی گزارنے پر مجبور کر دیا ہے۔

مکینوں کے مطابق چند ماہ قبل اسلام پورہ سڑک کی تعمیر کے لیے 5 کروڑ 65 لاکھ روپے کے فنڈز منظور کیے گئے تھے۔ ٹھیکیدار نے کام کا آغاز کیا لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر کام ادھورا چھوڑ کر چلا گیا۔ اس کے بعد سے سڑک کی حالت مزید خراب ہو چکی ہے، اور روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور حکومتی نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ اسلام پورہ کی سڑک کی فوری تعمیر کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر اس مسئلے پر جلد توجہ نہ دی گئی تو وہ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے منظور شدہ فنڈز کا صحیح استعمال نہ ہونا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاملے کا نوٹس لیں اور تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کرائیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button