عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تحصیل امن کمیٹی پنڈدادنخان کا اجلاس

پنڈدادنخان: تحصیل امن کمیٹی کا باضابطہ اجلاس اسسٹنٹ کمشنر آفس پنڈدادنخان میں منعقد ہوا، جس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان محترمہ عائشہ شفقت اور ایس ڈی پی او پنڈدادنخان سرکل میاں عبدالجبار نے مشترکہ طور پر کی۔
اجلاس میں سول سوسائٹی، سماجی و فلاحی شخصیات، مقامی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ داران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کے موقع پر امن و امان، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عائشہ شفقت نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں گے تاکہ شہری خوشگوار اور صاف ستھرے ماحول میں عید کی خوشیاں منا سکیں۔
ایس ڈی پی او میاں عبدالجبار نے اپنے خطاب میں کہا کہ عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور انتظامیہ بھرپور کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کیلئے علماء کرام اور امن کمیٹی کے اراکین سے مسلسل رابطہ رکھا جائے گا تاکہ مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دیا جا سکے۔
ایس ڈی پی او نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ تمام مکاتب فکر کے درمیان باہمی احترام، ہم آہنگی اور برداشت کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔



