جہلم میں محرم الحرام کے حوالے سے تمام اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم: محرم الحرام کے پرامن اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ جہلم نے تمام متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر الرٹ کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکیورٹی، صفائی، ٹریفک کنٹرول اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں میونسپل کمیٹی، ریسکیو 1122، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ضلع پولیس، ٹریفک پولیس، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر اہم محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران تمام اداروں کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں، مجالس، امام بارگاہوں اور دیگر مقامات کی سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی، طبی امداد اور ٹریفک کے متبادل انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس کو آگاہ کیا گیا کہ ہر ادارے نے اپنے اپنے شعبے سے متعلق ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور افسران و عملے کی ڈیوٹیاں مقرر کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، تمام ضروری محکموں کے فوکل پرسنز کو ضلعی کنٹرول روم میں چوبیس گھنٹے موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری ردعمل ممکن ہو۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کو بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں گی اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ، امن و امان کے قیام اور جلوسوں کی حفاظت کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے اجلاس کے اختتام پر تمام محکموں کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے دوران کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی اور تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں تاکہ شہری پُرامن ماحول میں مذہبی فرائض ادا کر سکیں۔



