ڈومیلی میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں زیبی گینگ کے 3 کارندے گرفتار

سوہاوہ: ڈومیلی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث زیبی گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضے سے چوری شدہ چار موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی مرزا طارق اور ان کی ٹیم نے کارروائی کے دوران موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں گینگ کے تین کارندوں کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں دو کا تعلق بڑاگواہ جبکہ ایک کا تعلق لاہور سے بتایا جاتا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق علی حسین نامی ملزم کو گتر کے علاقے سے موٹر سائیکل چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جسے مقامی لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ بعد ازاں پولیس کی مزید تفتیش کے دوران بڑاگواہ کے رہائشی شاہزیب اور زعفران محمود کو بھی گرفتار کر لیا گیا جبکہ زعفران محمود کی دکان سے مزید چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button