معرکہ حق کی تاریخی کامیابی پر سیاسی و عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، حافظ عبدالحمید عامر

جہلم: حافظ عبدالحمید عامر نے کہا ہے کہ معرکہ حق بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی پر پوری قوم سیاسی و عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان اور جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر نے آل پارٹیز “معرکہ حق بنیان مرصوص سیمینار” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حافظ عبدالحمید عامر نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی عسکری بصیرت اور جرأت مندانہ فیصلوں نے ملک کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر ایک دین پسند، ذہین، دلیر اور امت مسلمہ کا درد رکھنے والے سپہ سالار ہیں، جنہوں نے اپنی قیادت میں پاکستان کی قوت اور اہمیت کو دنیا کے سامنے منوایا اور دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم انہیں اپنے دلوں کی دھڑکن سمجھتی ہے اور ان کی قیادت میں پاکستان نے موجودہ حالات میں اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

خطیب جہلم اور مہتمم جامعہ حنفیہ تعلیم الاسلام مولانا قاری ابوبکر صدیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی دین پسند سوچ سے عالمِ کفر خوف زدہ ہے اور ان کی شخصیت کے چرچے عالمی سطح تک پہنچ چکے ہیں۔

سابق ایم پی اے چوہدری سعید اقبال آف بوکن نے کہا کہ معرکہ حق میں پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی اور جب فوج اور عوام متحد ہو جائیں تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

سنی کونسل ضلع جہلم کے رہنما قاری محمد ظفر اقبال نقشبندی نے کہا کہ بنیان مرصوص کی کامیابی نے پوری دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا جبکہ دشمن کا بیانیہ ناکام ہو کر رہ گیا۔

حامد رضا خان بن صوفی محمد اسلم نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت نے ملک کو حالیہ بحران سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور سیاسی و عسکری قیادت کا ایک پیج پر ہونا ملکی استحکام کے لیے خوش آئند ہے۔

مدیر جامعہ اثریہ للبنات مولانا حافظ احمد حقیق نے کہا کہ گزشتہ برس مئی میں دیے گئے جرأت مندانہ جواب کے اثرات سے بھارت آج تک نہیں نکل سکا اور بھارتی عوام بھی اپنے میڈیا کے جھوٹے دعوؤں پر سوال اٹھا رہے ہیں۔

قاسم محمود چوہدری نے کہا کہ اگر قوم اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرے تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو شکست نہیں دے سکتی۔

سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) پی پی 26 مرزا زاہد افضل نے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

معروف صحافی اور پرنسپل اثریہ ماڈل اسکول اینڈ کالج زاہد خورشید نے کہا کہ صحافی برادری معرکہ حق بنیان مرصوص کی کامیابی پر پاک فوج کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

سیمینار میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ اہلیانِ شہر نے اس عظیم الشان پروگرام کو بے حد سراہا۔ پروگرام کے انتظامات میں جامعہ اثریہ کے اساتذہ، طلبہ اور اہل حدیث یوتھ فورس ضلع جہلم نے بھرپور کردار ادا کیا۔

مدیر امور داخلی جامعہ علوم اثریہ مولانا سعد محمد مدنی نے نظامت کے فرائض سرانجام دیے جبکہ مدیر التعلیم مولانا عکاشہ مدنی نے بھی پروگرام کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

تقریب کے اختتام پر شیخ الحدیث جامعہ علوم اثریہ مولانا سیف اللہ اثری نے مختصر خطاب کیا اور ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button