سوہاوہ میں خصوصی افراد کیلئے "ہمت کارڈ” پروگرام کا تیسرا مرحلہ شروع، 134 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق

پڑی درویزہ/ سوہاوہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے خصوصی (معذور) افراد کے لیے جاری "ہمت کارڈ” پروگرام کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہو چکا ہے۔

ہمت کارڈ کیلئے جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں 134 مستحق افراد کی بائیو میٹرک تصدیق مکمل کر لی گئی ہے۔ اس موقع پر سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب اور سوشل ویلفیئر انتظامیہ ضلع جہلم کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

گزشتہ برس وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر کے معذور اور نادار افراد کی مالی امداد کے لیے "ہمت کارڈ” کے نام سے ایک فلاحی پروگرام کا آغاز کیا تھا۔ اس اسکیم کے تحت تحصیل سوہاوہ کی دس یونین کونسلوں میں اب تک 450 خصوصی افراد کو سہ ماہی بنیادوں پر 10,500 روپے کی مالی امداد اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے۔ اب تک چار مراحل میں یہ مالی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔

تازہ ترین مرحلے میں سوہاوہ اور ڈومیلی مراکز میں 134 نئے مستحق افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کامیابی سے مکمل کی گئی ہے۔ امکان ہے کہ جلد ہی ان تمام افراد کو ہمت کارڈ جاری کر دیے جائیں گے، جس سے انہیں بھی مستقل بنیادوں پر مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

اس مرحلے کی کامیاب تکمیل کا سہرا ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و بیت المال ضلع جہلم، خضر حیات خان اور تحصیل سوہاوہ کے لیے مقرر کردہ ٹیم انچارج چوہدری ریاست علی کی نگرانی میں کام کرنے والی ٹیم کے سر ہے جنہوں نے انتہائی جانفشانی اور فرض شناسی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔

تحصیل بھر کے سیاسی و سماجی حلقوں نے اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اور تمام ٹیم ممبران کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔ عوامی حلقوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ مریم نواز آئندہ بھی ایسی عوام دوست اسکیموں کا سلسلہ جاری رکھیں گی اور سوشل ویلفیئر و بیت المال جہلم کی ٹیم اسی جذبے سے اپنی خدمات انجام دیتی رہے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button