محرم الحرام میں امن و امان قائم رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو

جہلم: محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں علماء کرام، امن کمیٹی کے ممبران، لائسنس ہولڈرز، جلوس و مجالس کے منتظمین، ایس ڈی پی اوز، ڈی ایس او، ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا جبکہ اختتام پر ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان قائم رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ جلوس اور مجالس کے دوران وقت کی پابندی اور مقررہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔

انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہر جلوس و مجلس سے قبل مکمل سویپنگ اور سرچنگ کی جائے گی۔ شرکاء کو مکمل چیکنگ کے بعد ہی داخلی مقامات سے اندر جانے کی اجازت دی جائے گی۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ پولیس اور منتظمین مل کر اس ماہ مقدس کو امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی علامت بنائیں گے۔

اجلاس میں شریک علماء، منتظمین اور امن کمیٹی کے اراکین نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

ڈی پی او جہلم نے اس موقع پر واضح کیا کہ جہلم پولیس شہریوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت الرٹ اور متحرک ہے اور محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button