الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈومیلی کے سیلاب متاثرین میں گرم بستر اور ریلیف پیکج تقسیم

سوہاوہ: الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈومیلی کے سیلاب متاثرین میں گرم بستر تقسیم، 50 فیملیوں میں ریلیف پیکج تقسیم کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن ضلع جہلم کی جانب سے جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ڈومیلی کے علاقہ میں سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز ایک خصوصی تقریب میں 50 متاثرہ فیملیوں میں گرم بستر کے پیکج تقسیم کیے گئے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی کے طور پر ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری (امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم)، حبیب رضا بٹ (صدر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع جہلم) اور فیاض بٹ (انچارج بنو قابل پروگرام ضلع جہلم) شریک ہوئے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے متاثرینِ سیلاب میں دو تکیے، دو تِلائیاں اور ایک رضائی پر مشتمل گرم بستر کا پیکج فی فیملی تقسیم کیا گیا۔ تنظیم کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ تمام بستر ڈاکٹر ملیحہ نظام کی طرف سے عطیہ (ڈونیٹ) کیے گئے تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری اور حبیب رضا بٹ نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ہمیشہ آزمائش کی گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "یہ کام دراصل حکمرانوں کا ہے جو عوام سے ووٹ لے کر اقتدار میں آتے ہیں، مگر عوامی خدمت کے وقت وہ غائب نظر آتے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کی ٹیمیں دن رات عوامی خدمت میں مصروف ہیں۔ آج کا پروگرام بھی انہی رضاکاروں کی محنت اور جذبہ خدمت کا مظہر ہے۔ اس موقع پر انہوں نے الخدمت کے رضاکاروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ "یہ تمام مدد دراصل اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے جو اپنے بندوں کے ذریعے متاثرین تک پہنچتی ہے۔”

اختتام پر مقررین نے جہلم اور گردونواح کے ان شہریوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے سیلاب کے آغاز سے اب تک الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ تقریب میں مقامی شخصیات، رضاکاروں اور متاثرہ خاندانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button