عید قربان میں چند دن باقی رہ گئے، بچوں سمیت نوجوان جانوروں کو سجانے لگے

جہلم: عید قربان میں چند دن باقی رہ گئے ،شہری جانوروں کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے جانوروں کی سجاوٹ کے لئے ، ہار، مالا، گھنگروں خرید رہے ہیں۔
بچوں سمیت نوجوان بھی جانوروں کو سجانے کیلئے خوب اہتمام کرتے دکھائی دیتے ہیں جانوروں کے گلے اور پاؤں میں گھنگر باندھنے سمیت بکرے اور بیلوں کے منہ پر مورخ ڈالتے ہیں جو چمڑے یا پیراشوٹ کا بنا ہوتا ہے جس پر خوبصورت کشیدہ کاری ہوتی ہے اس طرح مختلف رنگوں کے دھاگوں سے کشیدہ کاری والے پٹے اور جھالر والے کینٹھے بھی جانوروں کو پہنائے جاتے ہیں۔
آج کل بازاروں میں بکروں کیلئے سپیشل جھانجر 50 رو پے ،بیل والی جھانجر 60 روپے ، گلے میں ڈالنے والی ، لڑیاں اور جھناریں 100 روپے تک فروخت کی جارہی ہیں۔ جانوروں کے منہ پر ڈالنے والے خوبصورت مورخ سادہ منڈیوں میں اڑھائی سو سے 350 روپے تک، چمڑے والی اچھی قسم کی 300 سے لے کر 600 روپے میں جبکہ کینٹھا کے نرخ بھی مورخ سے ملتی جلتی ہے گلے میں خوبصورت پٹی بھی ڈالی جاتی ہے جو 200 روپے تک فروخت کی جارہی ہے۔
جانوروں کو باندھنے کیلئے بھی رسیوں کی مختلف اقسام موجود ہیں کچھ تو رنگ برنگے دھاگوں سے تیار کر کے فروخت کی جا رہی ہیں چھریوں کے نرخ 150 سے 1000 روپے تک ، ٹو کے اور کلہاڑے جو قربانی کا گوشت بنانے کیلئے استعمال ہوتے ہیں 300 سے 2 ہزار روپے تک فروخت ہو رہے ہیں۔
اسی طرح انگیٹھیاں جن پر بار بی کیو، تکے،کباب بنائے جاتے ہیں کی قیمت 5 سو سے لے کر 1500 روپے تک ہے، اچھی کوالٹی کی سیخیں 1000 سے 2500 روپے تک فی درجن کے حساب سے فروخت کی جارہی ہیں۔



