جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز، اشتہاری مجرمان سمیت منشیات فروش گرفتار

جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کرتے ہوئے اشتہاری مجرمان سمیت منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کی جانب سے ضلع کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران مشکوک افراد، گھروں، ہوٹلز اور بس اسٹینڈز کو چیک کیا گیا، جبکہ کارروائی کے دوران شراب سپلائی کرنے والے ایک ملزم سمیت دو اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران تھانہ دینہ کے علاقہ میں ایک شراب سپلائر ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 20 لیٹر شراب برآمد ہوئی۔ اسی کارروائی کے دوران 2 اشتہاری مجرمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کا مقصد جرائم پیشہ اور قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی چیکنگ کرنا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مختلف مقامات پر سرچ اور چیکنگ کا عمل جاری رکھا جا رہا ہے تاکہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمی میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ پولیس کے مطابق بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
پولیس کی جانب سے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ اگر ان کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر اپنے قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ضلع بھر میں قانون شکن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔



