برگد کے درخت ماحول دوست اور قدرتی حسن کا اہم ذریعہ

جہلم شہر سمیت ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں موجود برگد (بوہڑ) کے درخت ماحولیاتی تحفظ، فضائی آلودگی میں کمی اور قدرتی حسن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق برگد ایک انتہائی ماحول دوست اور مقامی درخت ہے جو نہ صرف کثیر مقدار میں آکسیجن فراہم کرتا ہے بلکہ فضائی آلودگی اور گرد آلود ذرات کو کم کرنے میں بھی موثر ثابت ہوتا ہے۔
یہ درخت اپنی گھنی اور وسیع شاخوں کے باعث بڑے پیمانے پر سایہ فراہم کرتا ہے جبکہ پرندوں اور مختلف جانوروں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بھی ثابت ہوتا ہے، جس سے مقامی ایکو سسٹم کو سہارا ملتا ہے۔
ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ برگد، نیم اور جامن جیسے مقامی درخت ماحول کیلئے نہایت مفید ہیں، اسی لیے مختلف سماجی و سرکاری حلقے نقصان دہ درختوں خصوصاً کونوکارپس کی جگہ ان ماحول دوست درختوں کی شجرکاری پر زور دے رہے ہیں۔
شہری حلقوں کے مطابق قدیم برگد کے درخت صرف ماحول کو صاف اور متوازن رکھنے میں مددگار نہیں بلکہ یہ ثقافتی اور تاریخی اہمیت بھی رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں "درختوں کا دادا” بھی کہا جاتا ہے۔
سماجی تنظیموں اور ماحول دوست حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قدیم برگد کے درختوں کے تحفظ اور نئے مقامی درخت لگانے کیلئے موثر شجرکاری مہمات کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ آنے والی نسلوں کو صاف اور سرسبز ماحول فراہم کیا جا سکے۔



