جہلم میں تجاوزات کی بھرمار، شہریوں کو روزانہ مشکلات کا سامنا

جہلم کے اولڈ جی ٹی روڈ اور میجر اکرم شہید روڈ پر تجاوزات کی بھرمار نے شہریوں کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے۔ جادہ چوک محمدی، چوک کچہری اور چوک رستان میں ٹریفک کی روانی متاثر ہو چکی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر تعطل معمول بن چکا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی جہلم کا عملہ صبح تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتا ہے، لیکن دفتری اوقات کے بعد یہ تجاوزات دوبارہ قائم کر لی جاتی ہیں۔

شہریوں کے مطابق میونسپل کمیٹی جہلم کے ذمہ داران نے ان مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی اور صرف دفاتر تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، جس کی وجہ سے تجاوزات قائم کرنے والے ریڑھی بان اور لوڈر رکشہ ڈرائیور شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔

میونسپل کمیٹی جہلم کی انسداد تجاوزات کی دوغلی پالیسی کی وجہ سے شہر بھر میں تجاوزات قائم ہو چکی ہیں۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن سے قبل ہی ریڑھی بانوں اور لوڈر رکشہ ڈرائیورز کو آگاہ کر دیا جاتا ہے، جس سے کارروائی ممکن نہیں رہتی اور یہ تجاوزات مافیا دوبارہ سڑکوں، چوکوں اور چوراہوں کو بلاک کر دیتا ہے۔ نتیجتاً، شہریوں کا پیدل چلنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔

شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری بلدیات سے فوری نوٹس لینے اور تجاوزات کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button