جہلم کے بازاروں میں دکانداروں کا قبضہ، پیدل چلنے والوں کو مشکلات کا سامنا

جہلم کے بازاروں میں دکانداروں کا قبضہ، پیدل چلنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ عید کی آمدکے ساتھ ہی دکانداروں نے اپنی دکانیں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سجا لیں، خریداری کے لئے آنے والے صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا، خریداری کے دوران عورتوں بچوں کا بازاروں سے گزرنا محال ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جیسے جیسے عید الفطر قریب آتی جارہی ہے بازاروں میں شہریوں، خواتین، بچوں کا رش بڑھتا جارہا ہے عید کو قریب آتے دیکھ کر دکانداروں نے بھی اپنی دکانیں دکانوں کے باہر سڑکوں پر سجا لی ہیں، جس کی وجہ سے گزرنے والے راستوں اور فٹ پاتھوں پر شہریوں کا چلنا ختم ہو چکا ہے۔
مین بازار، نیابازار، کناری بازار، راجہ بازار،چوک گنبد والی مسجد، سول لائن روڈ، کالا گجراں، میجر اکرم شہید روڈ، محمدی چوک، قبرستان چوک، چوک روہتاس روڈ سمیت دیگر بازاروں میں خریداری کے لئے آنے والی خواتین، شہری، بچوں، بزرگوں کا گزرنا محال ہو گیا ہے۔
رہی سہی کسر ریڑھی بانوں اور لوڈر رکشہ والوں نے نکال رکھی ہے جو بازاروں کے عین وسط میں اپنی ریڑھیاں کھڑی کر کے سامان فروخت کرتے نظر آتے ہیں اور آنے جانے والی خواتین اور بچوں سے ٹکراتے ہیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ، ڈی ایس پی ٹریفک اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے بازاروں کے داخلی و خارجی راستوں پر بیریئر نصب کروائے جائیں اور دکانداروں کو سڑک پر دکانیں لگانے پر جرمانے کئے جائیں تاکہ شہر کے بازار کشادہ اور شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔



