سوہاوہ: عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں، ریجنل پولیس آفیسر بابر سرفراز الپا

سوہاوہ: ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کے ہمراہ تھانہ سوہاوہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل آر پی او راولپنڈی کے سامنے پیش کیے۔
بابر سرفراز الپا نے سائلین کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے اور کہا کہ عوامی مسائل کو براہ راست سننے اور ان کے حل کے لیے کھلی کچہریاں انتہائی موثر فورم ہیں۔ انہوں نے شرکاء کو بچوں اور بچیوں کے تحفظ، خصوصاً ہراسگی جیسے حساس معاملات پر آگاہی بھی فراہم کی۔ آر پی او کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد دور دراز علاقوں کے لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔
بعدازاں آر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او جہلم نے تھانہ سوہاوہ میں ضلعی امن کمیٹی اور انجمن تاجران کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ اجلاس میں شہر میں امن و امان، مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور معاشرتی ترقی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ علماء کرام اور تاجران نمائندوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
آر پی او نے اس موقع پر کہا کہ علماء کرام کا کردار معاشرتی ہم آہنگی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور امن قائم رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
دورے کے دوران بابر سرفراز الپا اور طارق عزیز سندھو نے تھانہ سوہاوہ میں شہید کانسٹیبل محمد رشید کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی، تحائف پیش کیے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے موقع پر احکامات دیے۔
آر پی او نے کہا کہ شہداء پولیس کی فیملیز ہماری اپنی فیملیز ہیں، ان کے لیے ہمارے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ ڈی پی او جہلم نے شہداء کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
اس کے علاوہ آر پی او راولپنڈی نے ڈی پی او جہلم کے ہمراہ ایس ڈی پی او آفس اور پولیس خدمت مرکز سوہاوہ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے دفاتر کا معائنہ کیا، صفائی، ریکارڈ اور شہری سہولیات کا جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ دفاتر میں آنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
آر پی او نے کہا کہ پولیس کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے سرپرائز وزٹس کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ عوامی خدمت کے معیار کو بہتر سے بہتر بنایا جا سکے۔



