جہلم میں نوسر بازوں کی سرگرمیوں میں اضافہ، جعلی پیری مریدی اور روحانی علاج کے نام پر خواتین اور عوام سے لوٹ مار

جہلم شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں نوسر باز گروہوں کی سرگرمیوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ پیری مریدی اور جعلی روحانی علاج کے نام پر سادہ لوح خواتین اور غریب عوام کو نہ صرف مالی نقصان پہنچایا جا رہا ہے بلکہ اب ان نوسر بازوں کا ہدف گھریلو جانور بھی بن چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ جعل ساز گروہ پہلے مجبور، لاچار اور بیمار لوگوں کو مختلف بہانوں سے اپنے جال میں پھنسا لیتے ہیں۔ روحانی مسائل کے حل کے نام پر ان سے ہدیہ، چلہ، یا زکوٰۃ کے بہانے بھاری رقوم بٹور لی جاتی ہیں۔

متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ نوسر باز اکثر خود کو معروف بزرگوں کا خلیفہ ظاہر کرتے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ "جنات، بندش” یا "نظرِ بد” کا روحانی علاج کر سکتے ہیں۔

ان کی دھوکہ دہی کا طریقہ یہ ہے کہ وہ پہلے متاثرہ افراد کو لالچ یا خوف میں مبتلا کرتے ہیں اور پھر انہیں اپنی چالوں میں الجھا کر ہزاروں روپے ہتھیا لیتے ہیں۔ بعض واقعات میں ان نوسر بازوں نے لوگوں کے گھریلو جانوروں کو بھی تعویذ یا "قربانی” کے بہانے نقصان پہنچایا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ جعلی پیر اور عامل مختلف محلوں اور دیہی علاقوں میں آزادی کے ساتھ اپنا مکروہ دھندہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے خلاف کئی بار شکایات بھی درج کرائی گئیں، تاہم زیادہ تر معاملات میں متاثرین کی غربت اور شرمندگی کے باعث کارروائی نہیں ہو پاتی۔

شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تعویذ گنڈے، جھاڑ پھونک اور جعلی روحانی علاج کے نام پر لوٹ مار کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ عوام کو ان دھوکہ باز گروہوں سے نجات دلائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button