گندم و میدہ کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک نہ پہنچ سکا، روٹی اور بیکری مصنوعات بدستور مہنگی

جہلم: گندم اور میدے کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود روٹی، نان، ڈبل روٹی اور دیگر بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ ہو سکی۔ بااثر بیکری مالکان کی من مانیوں اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت کے باعث عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رواں سال گندم اور میدے کی قیمتیں کم کی گئیں تاکہ مہنگائی میں کمی لائی جا سکے۔ مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ جہلم سمیت پنجاب بھر میں بیکری مالکان نے نہ صرف قیمتیں کم کرنے سے انکار کیا بلکہ بعض نے تو نرخوں میں مزید اضافہ بھی کر دیا۔ نان اور روٹی کی قیمتیں بھی بدستور اپنی جگہ قائم ہیں۔
ذرائع کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے مسلسل چشم پوشی کے باعث کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔
عوامی، سماجی اور شہری حلقوں سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیا جائے اور بیکری مصنوعات، نان، روٹی سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کروائی جائے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جب حکومت نرخ کم کر چکی ہے تو پھر عام عوام کو اس کا فائدہ کیوں نہیں دیا جا رہا؟ حکومت اور انتظامیہ کی خاموشی نے گراں فروشوں کو کھلی چھوٹ دے دی ہے، جس کے باعث دیہاڑی دار طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔



