عید پر جہلم میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات، سٹی ہاؤسنگ سے 6 گمشدہ بچے پولیس نے بحفاظت لواحقین سے ملا دیے

جہلم: عیدالفطر کے موقع پر ضلع جہلم بھر میں شہریوں کی سہولت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مختلف تفریحی مقامات پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے جبکہ پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں سٹی ہاؤسنگ سے گمشدہ ہونے والے 6 بچوں کو بحفاظت ان کے لواحقین سے ملا دیا گیا۔
پولیس کی جانب سے اہم مقامات پر خصوصی پکٹس قائم کی گئیں، موثر گشت کو یقینی بنایا گیا اور ایلیٹ فورس کو بھی تعینات کیا گیا تاکہ شہری پرامن ماحول میں اپنی عید کی خوشیاں منا سکیں۔
اسی دوران سٹی ہاؤسنگ میں آنے والی فیملیز کے 6 بچے اور بچیاں گم ہو گئے تھے، جنہیں جہلم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تلاش کر لیا اور بحفاظت ان کے والدین کے حوالے کر دیا۔ بچوں کے اہل خانہ نے پولیس کی فوری اور مؤثر کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جہلم پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ رش والے مقامات پر اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔



