عقیدہ ختم نبوت ایمان کا حصہ ہے، آپﷺ کے بعد قیامت تک کوئی نبی پیدا نہیں ہوسکتا، علمائے کرام

لندن: عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور آپﷺ کے بعد قیامت تک کوئی نبی پیدا نہیں ہو سکتا۔

ان خیالات کا اظہار علمائے کرام نے ختم نبوت سینٹر لندن کے زیر اہتمام 38 ویں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین ختم نبوت سنٹر لندن طہٰ قریشی ایم بی ای کی سرپرستی میں ہونے والی کانفرنس میں برطانیہ اور یورپ کے مختلف شہروں سے علماء کرام، مشائخ اور حضور پاکﷺ سے محبت کرنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی۔

کانفرنس کے پہلے سیشن کی صدارت شیخ سلیمان غنی، علامہ ظفر اللہ شاہ نے کی جب کہ مہمانان خصوصی بلجیم سے آئے ممتاز عالم دین مولانا عبدالحمید اور قاری محمد یوسف تھے جب کہ دوسرے سیشن کی صدارت ممتاز الحق اور تیسرے سیشن کی صدارت البینین مسجد کے خطیب شیخ زمر اور آکسفورڈ مسجد کے خطیب شیخ رمزی نے کی ۔کانفرنس کا آغاز سارم علی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جب کہ نشید ننھی بچیوں طوبہ اور فاطمہ نے پیش کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر نو شیروان نے ہدیہ نعت رسول مقبولﷺ پیش کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ختم نبوت سینٹر لندن کے چیئرمین طہٰ قریشی ایم بی ای نے کہا کہ برطانیہ میں ہمیں آزادی اظہار کا حق حاصل ہے،جیسے اللہ تعالیٰ کو اپنے رب العالمین ہونے میں شریک پسند نہیں اسی طرح حضرت محمدﷺکے خاتم النبیینﷺ ہونے میں بھی کوئی شریک پسند نہیں۔

علمائے اکرام شیخ رمزی ،شیخ زمر،مولانا عنایت اللہ،ڈاکٹر اشفاق احمد ،علامہ سردار خالد، جاوید چشتی ، مولانا حافظ عمر ،ڈاکٹر محمد نو شیروان ،مفتی زاہد یاسین، بیرسٹر بسم اللہ ،بیرسٹر محمد احمد اور ‎مولانا دلاور حسین امام نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ عزوجل نےحضور نبی کریم ﷺکو بہت سے اعزازات سے نوازا جن میں سے ایک آپﷺ کا آخری نبی ہونا بھی ہے۔ اب آپﷺکے بعد ‎قیامت تک کوئی نبی نہیں آئے گا،اسی پر ہر مسلمان کا ایمان ہے۔

علماء کرام نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عقیدۂ ختم نبوت کا تحفظ کرنا ہرمسلمان کا فرض منصبی ہے۔اُمت مسلمہ کا ساڑھے14 سو سال سے متفقہ عقیدۂ ختم نبوت چلا آرہا ہے، آج بھی پوری دنیا کے مسلمان عقیدۂ ختم نبوت پر متحد ومتفق ہیں۔

علماء کرام کا مزید کہنا تھا کہ محمدﷺ اللہ کے آخری نبی ہیں۔ آج کے پُر فتن دور میں جہاں دیگر فتنوں سے بچ کر اپنے مال و جان کی حفاظت ضروری ہے وہیں عقیدہ ختم نبوت پر کار بند ہوکر حضرت محمد ﷺکو آخری نبی مان کر اپنے ایمان کی ‎حفاظت اولین ضرورت ہے۔

کانفرنس کے آخر میں امت مسلمہ کیلئے دعا کی گئی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button