یورپی یونین، جمہوریت اور آزادی اظہار کیلئے پاکستانی عوام کا ساتھ دے، ڈاکٹر شہباز گل

برسلز: یورپین دارالحکومت برسلزمیں تحریک انصاف یورپ نے اپنے لیڈر عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر اسیران کی رہائی کیلئے گزشتہ روز ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا۔
پی ٹی آئی بیلجیم کی میزبانی میں منعقد ہونے والے اس مظاہرے میں یورپ بھر سے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں تحریک انصاف کے جھنڈے اور عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر مشتمل ان کی تصاویر اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔
اس مظاہرے کے مہمان مقرر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ڈاکٹر شہباز گل تھے، جنہوں نے عمران خان کی لیڈرشپ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ فسطائیت کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
انہوں نے کہاکہ کہ پاکستان میں خواتین، عام ورکرز اور اوورسیز کو خاص طور پر ڈرایا گیا کہ وہ تحریک انصاف کا ساتھ چھوڑ دیں لیکن آج کا اجتماع اس بات کا گواہ ہے کہ ظالم اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوپارہا۔
انہوں نے زور دے کر کہاکہ پاکستان کے عوام اپنی فوج سمیت تمام اداروں سے محبت کرتے ہیں۔ یہ چند لوگوں کی فسطائی سوچ ہے جو اس محبت میں دراڑ پیدا کر دیتی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے انگریزی زبان میں یورپین قیادت کو مخاطب بناتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ قانون کی پاسداری، جمہوریت اور فریڈم آف سپیچ کیلئے پاکستانی عوام کا ساتھ دیں۔ انہوں نےکہاکہ کہ ہم پاکستان میں کسی بھی بیرونی قوت کی مداخلت نہیں چاہتے لیکن اس بات کی ضرورت ہے کہ ہر خطے میں انسانی اقدار کے بڑے اصولوں کی پاسداری جاری رہے۔
اپنی گفتگو میں انہوں نے عدلیہ کے ان ججوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو سویلین بالادستی کی قانونی حدود کو چیلنج کرنے والی قوتوں کے خلاف بند باندھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس مظاہرے میں جن دیگر مقررین نے خطاب کیا ان میں غلام ربانی بابو، میاں شعیب، آصف برلاس، وسیم اختر،روبینہ خان، شیخ الیاس اور فرزانہ خان، قاضی حبیب اللہ اور توقیر بٹر، شیخ خالد پرویز، افضال گوندل اور یاسر قدیر، ناصر میر اور عمران خلیل، غلام حسین کیانی، سے شکیل احمد اور سپین سے فخر عباس شامل تھے۔



