تعطیلات ختم، جہلم میں سکول کھل گئے، کتابیں، کاپیاں، بیگز، یونیفارم مزید مہنگے

جہلم : موسم گرما کی تعطیلات کے بعد سکول کھلتے ہی درسی کتب اور یونیفارم کی خریداری بڑھ گئی ، بازاروں میں رش لگ گیا ، بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث والدین پریشان۔ اسکول کھلنے سے ایک دن قبل والدین اور بچوں نے بک شاپس، اسٹیشنری اسٹورز اور یونیفارم کی دکانوں کا رخ کیا ، والدین مہنگائی کا رونا روتے دکھائی دیئے۔
تفصیلات کے مطابق سکول کھلتے ہی بچے والدین کے ہمراہ بڑی تعداد میں بیگ، جوتے، اسٹیشنری اور ضروری اشیا خریدتے ہوئے پرجوش نظر آئے۔والدین نے اسکول کے لیے ضروری چیزوں کی خریداری کے لیے جب بازاروں کا رخ کیا تو اسٹیشنری اشیا اور کورس میٹریل کی قیمتوں کو سننے کے بعد سر پکڑ لئے۔
والدین نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال بچوں کو ان کی پسندیدہ اسٹیشنری دلانے سے قاصر ہیں پہلے ہی اسکولوں کی فیسوں ، یوٹیلیٹی بلوں میں اضافے نے پریشان کر رکھا ہے اب اسٹیشنری ، بیگ، یونیفارم کی قیمتوں میں بھی اضافہ سن کر سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں ۔
حکومت نے ہر چیز پر سیلز ٹیکس لگا دیا ہے جہاں والدین 3 یونیفارم خریدتے تھے وہاں ایک یونیفارم خرید رہے ہیں، یونیفارم پر بھی جی ایس ٹی لگا دیاگیا ہے جس کے باعث یونیفارم کی قیمتوں میں 40 فیصد اضافہ کردیاگیا ہے۔
طلبہ نے نئے تعلیمی سال میں داخل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو ماہ کی موسم گرما کی تعطیلات کے بعد اب اسکول جانے کیلئے بہت پرجوش ہیں، نئی کتابیں، اسٹیشنری ، بیگز اور یونیفارم خریدنے آئے ہیں۔
والدین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تعلیم جیسے بنیادی شعبے کو مدنظر رکھتے ہوئے درسی اشیا میں شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ امیروں کے بچوں کے ساتھ ساتھ غریب مزدور ، متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے بچے بھی زیورِ تعلیم سے آراستہ ہو سکیں۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



