جہلم میں سوئی گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان

جہلم شہر اور ملحقہ آبادیوں میں سوئی گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردونواح میں دن اور رات کے اوقات میں گیس کی مسلسل بندش اور کم پریشر نے صارفین کو پریشان کر رکھا ہے۔ گھریلو صارفین کے لیے کھانا پکانا مشکل ہو گیا ہے جبکہ بعض علاقوں میں گیس نہ ہونے کے باعث لوگ لکڑیوں کو بطور ایندھن استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی گیس کی عدم دستیابی اور مہنگی قیمتوں نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے، جس کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
گیس بحران کے باعث شہر کے تندوروں اور ہوٹلوں پر رش میں اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ بعض تندور مالکان نے روٹی کا وزن کم کر کے من مانی قیمتیں وصول کرنا بھی شروع کر دی ہیں۔
متاثرہ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ روزمرہ زندگی کے مسائل میں کمی آ سکے۔



