آئیسکو سب ڈویژن سول لائن کرپشن کا گڑھ، لائن سپرنٹنڈنٹ کے اثاثے کروڑوں میں پہنچ گئے

جہلم: آئیسکو سرکل کی سول لائن سب ڈویژن مبینہ طور پر کرپشن کا گڑھ بن چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق معمولی سیٹ پر تعینات لائن سپرنٹنڈنٹ نے چند سالوں میں کروڑوں روپے کے اثاثے بنا ڈالے۔ شہر کے پوش علاقے میں عالی شان بنگلہ، قیمتی گاڑیاں اور شاہانہ طرزِ زندگی نے عوام میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ آئیسکو سرکل جہلم میں احتساب کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، جہاں مبینہ طور پر اثر و رسوخ رکھنے والے کرپٹ ملازمین نے پورے سسٹم کو یرغمال بنا رکھا ہے۔
شہریوں نے انکشاف کیا کہ بجلی کے کنکشن کے حصول کے لیے رشوت وصول کی جاتی ہے، جبکہ رقم ادا نہ کرنے والے شہریوں کی درخواستیں اعتراضات لگا کر مسترد کر دی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ غیر قانونی کنکشنز کے پیچھے بھی یہی مافیا سرگرم عمل ہے۔
شہریوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئیسکو سرکل میں جاری کرپشن کا خاتمہ ہو سکے اور عوام کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔
عوامی حلقوں نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر پانی و بجلی سردار اویس خان لغاری اور چیف انجینئر آئیسکو اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی قائم کی جائے۔



