مرچوں کی پسائی میں لکڑی کے رنگ دار برادے کی خطرناک ملاوٹ کا انکشاف، شہری سراپا احتجاج

جہلم کے اندرون شہر میں قائم مختلف چکیوں پر مرچوں کی پسائی کے دوران بڑے پیمانے پر لکڑی کے رنگ دار برادے کی ملاوٹ کا انکشاف ہوا ہے، جس نے شہریوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
شہریوں کے مطابق اندرون شہر کے کئی مقامات پر چھوٹی چکیاں قائم ہیں، جہاں مرچوں اور دیگر مصالحہ جات کی پسائی کا کام جاری ہے۔ بعض افراد نے تو اپنے گھروں میں ہی چکیاں لگا رکھی ہیں، جہاں عرصہ دراز سے ملاوٹ کا دھندا عروج پر ہے۔
ذرائع کے مطابق مرچوں کی پسائی کے دوران لکڑی کا باریک برادہ شامل کیا جاتا ہے، جسے بعد ازاں سرخ رنگ میں رنگ کر مرچوں جیسا بنا دیا جاتا ہے۔ یہ برادہ الگ الگ بوریوں میں ذخیرہ کر کے رکھا جاتا ہے، اور پسائی کے بعد مخصوص مقدار میں مرچوں میں شامل کر دیا جاتا ہے تاکہ ملاوٹ کو پہچاننا مشکل ہو جائے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ چکیوں کے باہر بڑے بڑے ٹبوں اور بوریوں میں ثابت مرچیں سجا کر رکھی جاتی ہیں تاکہ خریداروں کو گمراہ کیا جا سکے، جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔
شہریوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان چکیوں اور گھروں میں قائم غیر قانونی کارخانوں کے خلاف کارروائی کی جائے، تاکہ عوام کو مضرِ صحت اور خطرناک ملاوٹ شدہ مصالحہ جات سے نجات دلائی جا سکے۔



