جہلم کو پنجاب کا مثالی ضلع بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، بلال اظہر کیانی

جہلم: وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی عید الفطر کے موقع پر اپنے آبائی گاؤں بدلوٹ پہنچ گئے۔
بلال اظہر کیانی کی آمد پر علاقہ معززین اور مقامی افراد نے پرتپاک استقبال کیا، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور انہیں بگھی میں سوار کر کے فارم ہاؤس تک لے جایا گیا۔ فارم ہاؤس پہنچنے پر بڑی تعداد میں عوام نے ان کا شاندار استقبال کیا۔
اس موقع پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے عوامی استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ہم پر جو اعتماد کیا ہے، ہم اپنی کارکردگی کی بدولت اس اعتماد کو قائم رکھیں گے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ یونین کونسل بدلوٹ سمیت ضلع جہلم کے تمام علاقوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام کیے جائیں گے۔ ضلع جہلم کو پنجاب کا مثالی ضلع بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ جہلم تا للِہ 128 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک منصوبہ دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا، جس سے علاقے میں سفری سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اس کے علاوہ ضلع جہلم کی پسماندہ تحصیل پنڈدادنخان میں جلد ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے، جس سے مقامی سطح پر خوشحالی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
بلال اظہر کیانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا اور ضلع جہلم کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔



