اوورسیز باشعور ہیں، تمام قوتوں کو یکجا ہو کر سیاسی و معاشی بحران کا حل تلاش کرنا ہوگا، بیرسٹر امجد ملک

لندن: مرکزی صدر او پی ڈبلیو سی حاجی عابد حسین اور جنرل سیکریٹری یوتھ فورم ایاز رفیق کی میزبانی میں اورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے او پی ڈبلیو سی، کونسلرز فورم اور لائرز فورم کے زیر اہتمام "مستحکم پاکستان اور اوورسیز پاکستانی” کے عنوان سے ایک پُر وقار سیمینار اور نئے تعینات ہونے والے وائس چیئرمین او پی سی پنجاب بیرسٹر امجد ملک کے اعزاز میں پر تکلف عشائیہ کا انعقاد کیا گیا۔

سیمینار کے آرگنائزر چیئرمین او پی ڈبلیو سی نعیم نقشبندی تھے، اور مہمان خصوصی وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک تھے۔ صدارت کے فرائض چیئرمین بورڈ آف گورنرز او پی ایف سید قمر رضا نے انجام دئیے۔

سیمینار کی تلاوت حافظ محفوظ اور نعت سید نور حسنین نے پیش کی۔ ڈپٹی ہائی کمشنر حسیب بن عزیز اور ٹریڈ منسٹر شفیق شہزاد نے پاکستان ہائی کمیشن کی نمائندگی کی۔

مہمان خصوصی بیرسٹر امجد ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی آزادی حاصل کرنا ایک مشکل کام تھا اور اس کی حفاظت کرنا اس سے بھی زیادہ چیلنج ہے۔ انہوں نے پاکستان کی افواج کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اس وقت تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، جس کے حل کے لیے تمام قوتوں کو یکجا ہونا ضروری ہے۔ اوورسیز پاکستانی منفی پروپیگنڈے کو رد کرتے ہوئے اپنے ملک کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ او پی سی اوورسیز کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کے لیے مسلسل کام کرتا رہے گا۔

صدر تقریب سید قمر رضا نے کہا کہ مستحکم پاکستان کی ضرورت اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ ہم اپنی افواج، عدلیہ اور دیگر اداروں کے خلاف پھیلائے جانے والے مایوسی کے پیغامات کو رد کریں اور متحد رہیں۔ او پی ایف کمیونٹی خدمات میں مصروف عمل ہے۔

ڈپٹی ہائی کمشنر حسیب بن عزیز نے کہا کہ ہمیں ہر فرقہ، زبان، یا رنگ سے بالا تر ہو کر سبز ہلالی پرچم کو مقدم رکھنا چاہیے۔ اوورسیز پاکستانیوں کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہائی کمیشن اور قونصلیٹ ہمیشہ ان کے لیے کھلے ہیں اور ان کے مسائل کے حل میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

میزبان ایاز رفیق نے کہا کہ افواج پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن اس کے باوجود پاکستانی قوم اور اوورسیز کمیونٹی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہیں۔

بانی چیئرمین او پی ڈبلیو سی نعیم نقشبندی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے دشمنوں کے ایجنڈوں کو مسترد کیا ہے اور وہ اپنے ملک کے ساتھ وفادار ہیں۔

سیمینار میں شریک دیگر مقررین نے بھی پاکستان کی افواج کی قربانیوں اور ان کے کردار کو سراہا۔ ہال میں "پاکستان زندہ باد” اور "افواج پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونج اُٹھا۔ اس تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی اور وطن عزیز کی سلامتی اور ترقی کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button