طلباء اور اساتذہ کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، ڈی پی او شفیق احمد چوہدری

جہلم: ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیر صدارت پاکستان پرائیویٹ اسکول مینیجمنٹ ایسوسی ایشن ضلع جہلم کے عہدیداران کے ساتھ ڈی پی او آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سکیورٹی امور، تعلیمی اداروں کی حفاظت، طلبہ و اساتذہ کے تحفظ، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد، کم عمر طلبہ کے موٹر سائیکل استعمال اور تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے رجحان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈی پی او جہلم نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے، سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال رکھا جائے اور داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کم عمر طلبہ کو موٹر سائیکل استعمال سے روکنے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس کے تدارک کے لیے خصوصی آگاہی مہم چلانے اور منشیات فروش عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان پرائیویٹ اسکول مینیجمنٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور تعلیمی اداروں کو درپیش سکیورٹی مسائل سے بھی آگاہ کیا۔
ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ طلبہ اور اساتذہ کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ تعلیمی اداروں میں محفوظ اور پرامن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔



