پنڈدادنخان میں ذاتی رنجش پر 55 سالہ خاتون کو تیزاب پلا کر قتل کی کوشش، خاتون ہسپتال منتقل، ملزم گرفتار

پنڈدادنخان کے نواحی علاقے جوتانہ میں عامر نامی شخص نے 55 سالہ خاتون کو تیزاب پلا دیا، خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے ملزم گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے نواحی گاؤں جوتانہ میں انسانیت سوز اور افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر ایک شخص نے 55 سالہ خاتون کو تیزاب پلا دیا جس سے اس کی حالت تشویشناک ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق عامر شہزاد نامی شخص نے مبینہ طور پر رشیدہ نامی خاتون کے گھر پینے کے پانی کے لیے رکھے گئے گھڑے میں تیزابی مادہ ملا دیا۔ خاتون نے جب اس گھڑے کا پانی پیا تو اچانک اس کی طبیعت بگڑ گئی اور اسے شدید تکلیف محسوس ہونے لگی۔ اہل خانہ نے فوری طور پر خاتون کو تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈ دادنخان منتقل کر دیا جہاں ڈاکٹرز کی جانب سے اس کا علاج جاری ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ پنڈ دادنخان اور چوکی دھریالہ جالپ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی خصوصی ہدایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے مبینہ ملزم عامر شہزاد کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے ذاتی رنجش کی بنا پر گھڑے کے پانی میں زہریلا یا تیزابی مادہ ملا کر خاتون کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ ملزم کے خلاف تھانہ پنڈ دادنخان میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایسے سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

واقعہ پر علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کے پینے کے پانی میں زہریلا یا تیزابی مادہ ملانا انتہائی غیر انسانی اور سنگین جرم ہے جس کی معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی شخص ایسی حرکت کرنے کی جرات نہ کرے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button