ترقیاتی کاموں میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

26
جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ضلع میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایکسین ہائی وے، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، سی او ضلع کونسل اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کو ضلع بھر میں جاری تعمیراتی منصوبوں، خصوصاً سڑکوں کی مرمت و بحالی اور بلدیاتی سکیموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ میر رضا اوزگن نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان کے ثمرات سے بروقت مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے تعمیراتی کاموں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو ہر صورت برقرار رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں نئی ترقیاتی سکیموں کی منصوبہ بندی اور انتظامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں جا کر منصوبوں کی نگرانی کریں اور کام کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں تاکہ ضلعی سطح پر بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے اہداف کو بروقت حاصل کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار پر یقین دہانی شہریوں کی سہولیات کو بہتر بنانے اور ضلع جہلم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔



