پنجابی ثقافت دنیا کی قدیم تہذیبوں میں سے ایک ہے، ہماری پہچان اور فخر ہے، چوہدری عابد محمود

جہلم: چیئرمین جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود نے کہا ہے کہ پنجاب کی ثقافت، زبان اور رسم و رواج دنیا کی قدیم تہذیبوں میں سے ہیں۔ پگڑی، لباس اور دیگر پہناوے نہ صرف ہماری تہذیبی وراثت کی نمائندگی کرتے ہیں بلکہ دنیا بھر میں ہماری شناخت کا ذریعہ بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال 14 اپریل کو پنجابی ثقافت کے دن کے طور پر منانا ایک خوش آئند اقدام ہے، جس کا مقصد نہ صرف اپنی ثقافتی روایات کو زندہ رکھنا ہے بلکہ ان اقدار کو نئی نسل تک منتقل کرنا بھی ہے تاکہ نوجوان یہ جان سکیں کہ ہماری ثقافت ہمارا فخر، مان اور پہچان ہے۔
چوہدری عابد محمود نے مزید کہا کہ صرف پنجابی ہی نہیں بلکہ پاکستان کی تمام ثقافتیں جیسے کہ سندھی، بلوچی، پختون، کشمیری اور گلگت بلتستان کی روایات کو بھی اجاگر کرنا ایک مثبت روایت ہے، جو قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ثقافت ہمارے خطے کی شان ہے اور اس کے خوبصورت رنگ، سماجی اور تہذیبی ورثہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اسے نہ صرف محفوظ رکھیں بلکہ آنے والی نسلوں تک فخر کے ساتھ منتقل کریں۔ پنجابی زبان اور ادب ہمارے قیمتی خزانے ہیں اور ہمیں اس پر فخر ہے کہ ہم ایک سچے پاکستانی اور پنجابی ہیں۔



