جہلم میں مہنگائی کی صورتحال بدستور قابو سے باہر، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ


جہلم: مہنگائی کی صورتحال بدستور قابو سے باہر؛ پیاز، ٹماٹر سمیت کئی سبزیاں مہنگی، برائلر کی قیمت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو گیا۔
قیمت ایپ پنجاب کے مطابق پیاز دو روپے کلو مزید مہنگا ہو گیا، پیاز کا سرکاری نرخ 95 روپے کلو مقرر جبکہ بازاروں میں پیاز 130 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے، ٹماٹر کا سرکاری نرخ 130 روپے کلو مقرر جبکہ مارکیٹ میں ٹماٹر 160 روپے کلو بیچا جا رہا ہے۔
دوسری جانب آلو کا نرخ 82 روپے کلو مقرر ہے جبکہ مارکیٹ میں آلو 100 روپے کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے ، لہسن دیسی کا سرکاری نرخ 10 روپے اضافے سے 320 روپے کلو مقرر جبکہ مارکیٹ میں لہسن 430 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
ادرک چائینہ کا سرکاری نرخ 635 روپے کلو مقرر، مارکیٹ میں ادرک 800 روپے کلو، لیموں کے نرخ 15روپے اضافے سے450روپے کلو مقرر، مارکیٹ میں لیموں 500روپے کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پھول گوبھی 135 روپے کی بجائے 180روپے کلو بیچی جا رہی ہے، برائلر گوشت بھی 595 روپے کلو کی بجائے 620فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کئے جائے تاکہ مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔



