ماہ صیام ہمیں مستحق بہن بھائیوں کی مشکلات دور کرنے کا درس دیتا ہے، سید خلیل حسین کاظمی


جہلم: ماہِ رمضان ہمیں ایثار، قربانی اور مستحق بہن بھائیوں کی مشکلات دور کرنے کا درس دیتا ہے۔ نفلی عبادات کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے غریب مسلمان بھائیوں کا خیال رکھنا چاہیے تاکہ ان کی سحری اور افطاری میں آسانی پیدا ہو سکے۔
ان خیالات کا اظہار معروف سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے میڈیا نمائندگان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک قربانی کا مہینہ ہے اور ایثار و قربانی کا جذبہ ہر انسان کے اندر فطری طور پر موجود ہوتا ہے، جسے تلاش کرنے اور عملی طور پر اپنانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صاحبِ ثروت اور مخیر حضرات کو چاہیے کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں تاکہ کوئی بھی کم آمدنی والا گھرانہ سحری اور افطاری کے مسائل کا شکار نہ ہو۔ یہی عمل رب کی رضا کا ذریعہ ہے اور دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت بھی۔
سید خلیل حسین کاظمی نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت لمحات میں ہمیں اپنے دسترخوان کو دوسروں کے لیے بھی وسیع کرنا چاہیے اور غرباء و مساکین کے ساتھ تعاون کر کے حقیقی معنوں میں اس مقدس مہینے کی برکتوں سے فیض یاب ہونا چاہیے۔



