عیدالاضحیٰ پر صفائی کے بہترین انتظامات، ڈپٹی کمشنر جہلم کا سینٹری سٹاف کو ایک ماہ کی تنخواہ اور سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان

جہلم: عید الاضحی کے موقع پر صفائی کے بہترین انتظامات کرنے پر سینٹری سٹاف کو ایک ماہ کی تنخواہ اور سرٹیفکیٹ دئیے جائیں گے خصوصی تقریب جلد منعقد ہو گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عید الاضحی کے موقع پر صفائی کے مثالی انتظامات کرنے پر ضلع بھر کے سینٹری سٹاف کو ایک ماہ کی تنخواہیں بونس کے طور پر دی جائیں گی جبکہ تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دئیے جائیں گے۔
اس حوالے سے ایک باقاعدہ تقریب آئندہ چند روز میں منعقد کی جائے گی جس میں سینٹری سٹاف کو بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے پرائس مجسٹریٹ کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران کی طرح پرائس مجسٹریٹس نے بھی بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس پر تمام مجسٹریٹس مبارکباد کے مستحق ہیں عید الاضحی کے بعد بھی روٹی، سبزیوں اور دیگر اشیا پر نظر رکھنا ضروری ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف جاری رہے۔
اجلاس میں روز مرہ کی اشیاء خوردونوش کی موجودہ قیمتوں، سپلائی کی صورتحال اور مارکیٹ میں دستیابی بارے بریفنگ دی گئی۔ ڈی سی جہلم نے ہدایت کی کہ پرائس مجسٹریٹس اپنا کام جاری رکھیں اور سرکاری ریٹ سے زیادہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔



