پراپرٹی ڈیلرز نے کمرشل اور گھریلو پراپرٹی رجسٹریوں کے نئے ٹیکسز کو مسترد کردیا

جہلم: پراپرٹی کی خرید و فروخت سے وابستہ افراد نے نئے مالی سال کے لئے کمرشل اور گھریلو پراپرٹی رجسٹریوں کے نئے ٹیکسز کو مسترد کردیا۔
تین جولائی سے لاگو ہونے والے نئے پراپرٹی رجسٹریوں میں مجموعی طور پر 39 فیصد نئے ٹیکس ڈیوٹیاں لاگو کردی گئیں ہیں ۔
ضلع بھر کے تمام ایریاز کی پراپرٹیز کے لئے سرکاری ڈی سی ریٹ میں فی مرلہ 25 فیصد کا ریکارڈ اضافہ کر دیا گیا تاہم اس اضافے پر یکم جنوری 2025 سے عملدر آمد ہوگا جبکہ اس سے قبل ڈی سی ریٹ میں مجموعی 10 فیصد اضافہ کیا جاتا تھا۔
شیڈول کے مطابق کسی بھی پراپرٹی کی نئی رجسٹری پر اشٹامپ پیپرز 15 فیصد، میونسپل کارپوریشن ٹیکس 1 فیصد، 7۔ای ٹیکس 1 فیصد ،گین ٹیکس فائلر 3 فیصد ،نان فائلر 10 فیصد، ایڈوانس ٹیکس فائلر 3 فیصد، نان فائلر 12 فیصد، ایڈوانس ٹیکس 50 ملین تا 100 ملین پراپرٹی فائلر 4 فیصد ،نان فائلر 16 فیصد، ایڈوانس ٹیکس 100 ملین سے زائد قیمت پر فائلر 5 فیصد ،نان فائلر 20 فیصد ہوگا۔
پراپرٹی رجسٹریوں میں نیو فائلر کی اصطلاح بھی متعارف کروادی گئی ہے، تمام نیو فائلرز پر بھی زیادہ ٹیکس لگائے جائیں گے ، فائلر ایڈوانس ٹیکس 4 فیصد ،نیو فائلر ایڈوانس ٹیکس 7 فیصد، نان فائلر 16 فیصد اسی طرح گین ٹیکس میں فائلر 3 فیصد نیو فائلر 6 فیصد ، نان فائلر 10 فیصد ہوگا۔
نئے ٹیکسوں کے باعث نئے مالی سال کے پہلے دو دن اور دو جولائی میں کوئی نئی رجسٹری نہیں کی گئی۔



