ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جہلم کا سیلاب متاثرہ علاقوں اور فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ

جہلم: ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جہلم کا سیلاب متاثرہ علاقوں اور فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ، متاثرین کے لیے سہولیات مزید بہتر بنانے کی ہدایات کیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا اور جاری امدادی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے دورے کے دوران متاثرہ گھروں، سڑکوں اور پلوں کا معائنہ کیا اور سیلابی پانی سے ہونے والے نقصانات کا خود جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں ریسکیو 1122 اور محکمہ ہائی وے کے افسران نے نقصانات اور بحالی کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔
بعدازاں ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے موضع خورد میں قائم ضلعی فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کیمپ میں مقیم شہریوں سے ملاقات کی اور انہیں دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایت جاری کی کہ متاثرہ افراد کو کھانے پینے، رہائش اور طبی امداد سمیت تمام بنیادی سہولیات بروقت اور بہترین انداز میں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو تاکید کی کہ شہریوں کی گھروں کو جلد واپسی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور متاثرہ افراد کی شکایات کو فوری حل کیا جائے۔
دورے کے دوران ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈی پی او جہلم نے بھی متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور فلڈ ریلیف کیمپس میں جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس فورس مقامی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور پاک فوج کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی، ٹریفک کی روانی اور ریسکیو آپریشن کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ پولیس متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیے دن رات متحرک ہے، عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پولیس شہریوں کے شانہ بشانہ موجود ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہریوں کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور تمام وسائل ان کی مدد کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ پولیس اہلکار متاثرہ علاقوں میں مسلسل گشت اور ریسکیو سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔



