جہلم کی خوبصورتی اور روڈ سیفٹی کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کروں گا، ملک محمد صادق

جہلم: ملک محمد صادق نے کہا ہے کہ وہ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں والنٹیئر سپروائزر کارڈ جاری کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دی گئی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھائیں گے اور جہلم کی خوبصورتی و ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے معروف روڈ سیفٹی ایکسپرٹ ملک محمد صادق نے کہا کہ وہ اس سے قبل بھی جہلم میں مختلف مقامات پر روڈ سیفٹی اور خوبصورتی کے حوالے سے عملی اقدامات کر چکے ہیں، جن میں کچہری چوک پر راؤنڈ اباؤٹ پر گیووے سائنز کی تنصیب شامل ہے، جو وہ برطانیہ سے اپنے ساتھ لائے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کچہری کے اطراف شجرکاری اور روڈ سیفٹی سائنز لگوانا بھی ان کی ذاتی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا 40 سالہ روڈ سیفٹی کا تجربہ ہے جو انہوں نے برطانیہ میں حاصل کیا، اور اسی تجربے کی روشنی میں وہ آئندہ بھی انتظامیہ کے ساتھ مل کر مزید منصوبوں پر کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نوجوانوں کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی تلقین کریں گے، موٹر سائیکل کے غیر ضروری استعمال سے گریز، واک اور سائیکل کے زیادہ استعمال پر زور دیں گے۔
ملک محمد صادق نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ میدان آباد ہوں اور ہسپتال ویران ہوں، جو ایک صحت مند معاشرے کی علامت ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں، ٹریفک قوانین پر عمل کریں، قانون کا احترام کریں اور کسی قسم کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔
آخر میں انہوں نے ایک بار پھر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ وہ انتظامیہ کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور جہلم کو ایک محفوظ، خوبصورت اور ماڈل شہر بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔



