جہلم میں سرکاری دکانات کے کرایے مارکیٹ ریٹ پر مقرر کرنے کا فیصلہ


جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس اسسمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری دکانات اور مارکیٹوں کے کرایوں کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق مقرر کرنے اور بقایہ جات ادا نہ کرنے والے دکانداروں اور تاجروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ضلع انتظامیہ کے مختلف افسران نے شرکت کی اور ڈپٹی کمشنر کو حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ کرایہ جات اور مارکیٹ ویلیو کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جو دکانات کرایوں کی عدم ادائیگی کے باعث بند ہیں، انہیں جلد از جلد نیلامی میں شامل کیا جائے اور ان کا کرایہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق طے کیا جائے۔
ڈی سی جہلم نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کرایوں کے تعین اور وصولی کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ سرکاری وسائل کا ضیاع روکا جا سکے اور خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کا محاسبہ کیا جا سکے۔
اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے حکومتی پالیسیوں کے مطابق کرایوں کے تعین اور وصولی کے عمل پر تفصیلی گفتگو کی اور آئندہ کے لیے حکمت عملی مرتب کی گئی۔



