جہلم پولیس کی اولین ترجیح عوامی خدمت اور پبلک سروس ڈلیوری کے معیار کو بہتر بنانا ہے، طارق عزیز سندھو

سوہاوہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے نمازِ جمعہ کے بعد تھانہ سوہاوہ کے علاقے جامع مسجد امین میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے اپنے مسائل پیش کیے، جن پر ڈی پی او نے فوری کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے موقع پر ہی ان کے حل کی ہدایات دیں۔

اس موقع پر ڈی پی او جہلم نے کہا کہ جہلم پولیس کی اولین ترجیح عوامی خدمت اور پبلک سروس ڈلیوری کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سماج دشمن عناصر، منشیات فروشوں، قحبہ خانوں، اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

ڈی پی او جہلم نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے احکامات پر فوری انصاف عوام کی دہلیز پر پہنچانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں خدمت مراکز، پولیس تحفظ مراکز، میثاق مراکز، مصالحتی کونسلز اور تھانوں کی اپ گریڈیشن شامل ہیں۔ ان تمام مراکز میں 24/7 سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی پنجاب اور آر پی او راولپنڈی ڈویژن کی ہدایات کے مطابق ضلع جہلم میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن کا مقصد شہریوں کو تیز ترین انصاف فراہم کرنا ہے۔ عوام الناس کو اپنے مسائل کے حل کے لیے بلا جھجک کھلی کچہریوں میں شرکت کرنی چاہیے، جہاں ان کے مسائل موقع پر حل کیے جائیں گے۔

ڈی پی او جہلم نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button