کھیوڑہ میں مکان کے تنازع پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

پنڈدادنخان: کھیوڑہ میں مکان کے تنازع پر فائرنگ کر کے تنویر نامی شخص کو قتل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے کھیوڑہ میں پیش آیا، جہاں محلہ جوتانیہ میں مکان کے تنازع پر جھگڑے کے دوران مبینہ فائرنگ سے محمد تنویر عباس ولد ملک مسکین علی جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق احسن نامی شخص نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے محمد تنویر عباس کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم اور مقتول آپس میں رشتہ دار ہیں اور دونوں کے درمیان مکان کے تنازع پر جھگڑا ہوا تھا جس کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان منتقل کر دیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہداکٹھے کر لئے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ مکان کے تنازع کا نتیجہ ہے تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔



