دینہ میں بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا، بوڑا جنگل کی گلیاں گندے پانی سے بھر گئیں

دینہ کے نواحی علاقہ بوڑا جنگل میں نالیوں اور گلیوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بارش نے انتظامیہ کا پول کھول دیا ، گلیاں پانی سے بھر گئیں۔ ہر طرف گندگی کے ڈھیر تیرتے ہوئے نظر آئے ، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے

تفصیلات کے مطابق جہلم دینہ کے نواحی علاقے بوڑا جنگل میں بارش کے بعد نالیوں اور گلیوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث گلیاں پانی سے بھر گئیں اور ہر طرف گندگی کے ڈھیر تیرتے نظر آئے۔ شدید بارش نے مقامی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کا پول کھول دیا، جس پر اہل علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش کے باعث بوڑا جنگل کی گلیوں اور نالیوں میں پانی جمع ہو گیا، جو بروقت صفائی نہ ہونے کی وجہ سے نکاسی سے محروم رہا۔ گلیوں میں کئی کئی فٹ تک پانی کھڑا ہو گیا جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گلیوں سے گندا پانی نکالا اور صفائی کا عمل خود انجام دیا۔

مکینوں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ شہر کی بڑی سڑکوں اور چمکدار مقامات پر تو توجہ دیتی ہے مگر گلی محلوں کو یکسر نظر انداز کر دیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے بارش کے بعد شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ بوڑا جنگل میں صفائی کا مستقل اور مؤثر نظام نافذ کیا جائے تاکہ آئندہ ایسی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو۔ عوامی حلقوں نے حکام بالا سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button