جہلم: جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پروقار محفلِ میلاد کا انعقاد، عاشقانِ رسول ﷺ کی بھرپور شرکت

جہلم: جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت اور متبرک موقع پر بشارت بٹ (یوکے) اور ثاقب بٹ کی زیرِ سرپرستی ایک پروقار، روح پرور اور ایمان افروز محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کی ممتاز شخصیات، معززین، مذہبی و سماجی حلقوں سے وابستہ افراد اور عاشقانِ رسول ﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
محفل کے دوران شرکاء نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت و محبت کے نذرانے پیش کیے اور ذکرِ مصطفیٰ ﷺ سے اپنے دلوں کو منور کیا۔ محفل میں حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ، آپ ﷺ کی تعلیمات اور عشقِ رسول ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد استادِ قراء قاری یوسف سیالوی نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کی عظمت، اہمیت اور آداب کے حوالے سے جامع اور بصیرت افروز گفتگو کی۔ انہوں نے عشقِ رسول ﷺ کی حقیقی روح، ادبِ رسالت اور سیرتِ طیبہ کی پیروی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں میں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ کو اپنانے کی کوشش کریں۔
بعدازاں عالمی شہرت یافتہ نعت خواں قدیر بٹ نے اپنی دلنشین آواز اور لحنِ داؤدی میں بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ عقیدت کے پھول پیش کیے۔ ان کی پرسوز اور روح پرور نعتوں نے محفل کی فضا کو عشقِ رسول ﷺ سے معطر کر دیا، جبکہ شرکاء نے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ نعتیہ کلام سماعت کیا اور محفل میں روحانی کیفیت پیدا ہوگئی۔
محفل کا ایک خصوصی اور قابلِ تحسین مرحلہ اختتامی قرعہ اندازی تھی، جس کے ذریعے دو خوش نصیب افراد کا انتخاب کیا گیا۔ منتخب ہونے والے دونوں افراد کو دیارِ حبیب ﷺ کی حاضری کے لیے مفت عمرہ ٹکٹس پیش کیے گئے۔ اس موقع پر شرکاء نے منتظمین کی جانب سے اس دینی اور فلاحی کاوش کو سراہا اور اسے محفلِ میلاد کے موقع پر ایک خوبصورت اقدام قرار دیا۔
محفل کے اختتام پر امتِ مسلمہ کی سلامتی، ترقی، اتحاد، خوشحالی اور ملک و قوم کی بہتری کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ دعا کے بعد تمام مہمانوں اور شرکاء کی تواضع کے لیے پرتکلف لنگرِ پاک کا وسیع انتظام کیا گیا۔
شرکاء نے محفل کے شاندار انتظامات، پروقار ماحول اور مذہبی عقیدت سے بھرپور پروگرام کو سراہتے ہوئے منتظمین بشارت بٹ (یوکے) اور ثاقب بٹ کی دینی و مذہبی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔



