اسلام آباد ایئرپورٹ کے کنکورس ہال سے گمشدہ 7 سالہ بچی والدین تک پہنچا دی گئی

اسلام آباد ایئرپورٹ کے کنکورس ہال سے گم ہونے والی 7 سالہ بچی کو ایئرپورٹ عملے کی بروقت کارروائی اور ویجیلنس آفیسر راشد کیانی کی مدد سے بحفاظت اس کے والدین تک پہنچا دیا گیا۔

ایئرپورٹ پر بچی کے گم ہونے کی اطلاع ملتے ہی اسے فوری طور پر حفاظتی تحویل میں لے کر ڈی وی او آفس منتقل کر دیا گیا اور اس کی دیکھ بھال کا انتظام کیا گیا۔ اس دوران بچی کے والدین کی تلاش کے لیے فلائٹ انکوائری کاؤنٹر اور پی اے سسٹم کے ذریعے متعدد اعلانات بھی کیے گئے۔

ابتدائی طور پر طویل کوششوں کے باوجود بچی کے اہل خانہ سامنے نہ آ سکے جس پر ایئرپورٹ انتظامیہ اور ایئرپورٹ پولیس کو بھی فوری طور پر آگاہ کر دیا گیا۔ بچی کو ڈی وی او آفس میں مکمل نگہداشت فراہم کی جاتی رہی۔

بعد ازاں رات تقریباً 8 بجے ایک شخص کے ذریعے بچی کے والدین سے رابطہ ممکن ہوا۔ معلوم ہوا کہ بچی کے والدین کا تعلق کوہاٹ، خیبر پختونخوا سے ہے اور وہ ایئرپورٹ پر رش کے دوران غلطی سے اپنی بچی سے بچھڑ گئے تھے۔

رات تقریباً 12 بجے والدین اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے جہاں ضروری تصدیق کے بعد بچی کو ان کے حوالے کر دیا گیا۔ اس طرح تقریباً 11 گھنٹے بعد بچی بحفاظت اپنے والدین کے سپرد کر دی گئی۔

ایئرپورٹ عملے کی بروقت کارروائی اور انسانی ہمدردی کے اس اقدام کو مسافروں اور شہریوں نے سراہا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button