جہلم میں شدید بارش، درجنوں دیہات زیر آب، 72 افراد محفوط مقام پر منتقل، ریسکیو آپریشن جاری

جہلم/ سوہاوہ: ضلع جہلم میں شدید بارش سے برساتی نالے بپھر گئے، متعدد دیہات میں پانی داخل ہو گیا ۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے، بچوں اور خواتین سمیت 72 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں ہونے والی شدید بارش نے پھر سے تباہی مچا دی۔ مسلسل بارش کے باعث نالہ گھان میں طغیانی آ گئی اور سیلابی ریلے آبادیوں اور زرعی زمینوں میں داخل ہو گئے جس کے نتیجے میں تحصیل سوہاوہ کے علاقے بڑا گواہ، تھلہ چوہدریاں، ڈومیلی، جنگ کھوکھراں اور ملحقہ درجنوں دیہات شدید متاثر ہوئے۔ کئی گھروں میں پانی بھر گیا اور شہریوں کو گھروں کی چھتوں اور کھلے مقامات پر پناہ لینا پڑی۔
ریسکیو 1122 جہلم کے انچارج رانا سعید کے مطابق شدید بارش کے دوران کئی مقامات پر لوگ پانی میں پھنس گئے۔ بڑا گواہ گاؤں میں ایک شخص کو درخت پر پناہ لیتے ہوئے ریسکیو ٹیم نے بحفاظت اتار کر محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ اسی طرح ایک مدرسے کے 12 سے زائد طلباء پانی آنے کے بعد چھت پر محصور ہو گئے تھے جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد نکال کر محفوظ مقام پر پہنچا دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران اب تک بڑا گواہ سے 15 افراد، رسول پور سے 12 افراد، جھنگ کھوکھراں سے 11 افراد اور گوڑھا چوہدریاں کے مختلف گھروں سے 34 افراد کو کامیابی کے ساتھ ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ ریسکیو ٹیموں کا کہنا ہے کہ تمام متاثرہ طلباء اور شہریوں کو فوری طبی امداد بھی فراہم کی گئی ہے جبکہ امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں ریسکیو 1122 سے فوری رابطہ کریں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے ہر ممکن پرہیز کریں۔ علاقے میں اب بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث مزید مشکلات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔



