رمضان سے قبل مہنگائی میں ہوشربا اضافہ، سرکاری ریٹ لسٹیں بے اثر، عوام پریشان


جہلم: رمضان المبارک کی آمد سے قبل مہنگائی کا طوفان شدت اختیار کر گیا، سرکاری ریٹ لسٹیں محض مذاق بن کر رہ گئیں جبکہ ناجائز منافع خور سرگرم ہو گئے ہیں۔ حکومتی دعوے ریت کی دیوار ثابت ہو رہے ہیں اور عوام مہنگائی اور بے روزگاری کے دوہرے بحران کا شکار ہو چکے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار معروف کاروباری شخصیت اور صدر ہوٹلز ایسوسی ایشن مہر محمد افضل نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ ذخیرہ اندوز عناصر ماہِ رمضان سے قبل ہی سرگرم ہو چکے ہیں۔
مہر محمد افضل نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور پرائس کنٹرول کے لیے مؤثر اقدامات کرے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں مہنگائی اور بے روزگاری سے ستائے عوام کو اشیاء خورد و نوش مناسب نرخوں پر فراہم کرنا حکومت اور انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
صدر ہوٹلز ایسوسی ایشن نے کہا کہ حکومت مہنگائی میں کمی کے جھوٹے دعوے کرنے کے بجائے عملی اقدامات کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ ان کے مطابق روز مرہ اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، مگر اب تک کیے گئے اقدامات ناکافی ثابت ہو رہے ہیں۔



