معرکہ حق؛ دینہ میں افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے ریلی نکالی گئی

دینہ: معرکہ حق کی شاندار کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان کی قیادت میں ایک پروقار ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سرکاری اداروں کے افسران، نمائندگان اور اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔

ریلی کا مقصد قومی جذبے، حب الوطنی اور افواجِ پاکستان کے ساتھ وابستگی کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ اس موقع پر سرکاری افسران، محکماتی عملہ، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور وطن سے محبت کے جذبے کا بھرپور اظہار کیا۔

ریلی کے شرکاء نے افواجِ پاکستان کی بے مثال قربانیوں اور ملکی دفاع میں ان کے کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ شرکاء نے امن، استحکام اور قومی ہم آہنگی کے پیغامات دیے جبکہ مختلف بینرز اور نعروں کے ذریعے وطنِ عزیز سے محبت اور افواجِ پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کا پیغام نئی نسل تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور ہر حال میں ان کے شانہ بشانہ رہے گی۔

ریلی کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی اور “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button