فیول پر ائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر گیس صارفین پر اضافی بوجھ ڈالنا ظلم و ناانصافی کے برابر ہے، صارفین

جہلم: سوئی گیس کے صارفین نے سوئی گیس کے بلز میں بھی فیول پر ائس ایڈ جسٹمنٹ متعارف کروانے کے حکومتی فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کے بلوں میں3 سو سے 5 سو فیصد تک اضافے کے با وجود اب فیول پر ائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر گیس صارفین پر اضافی بوجھ ڈالنے کا حکومتی فیصلہ ظلم و ناانصافی کے برابر ہے ، مہنگائی کے مارے عوام کے زخموں پر نمک پاشی اور عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے صارفین کو کسی قسم کی سہولت دینے کی بجائے مسلسل بجلی و گیس بلوں میں ہوشربا اضافہ اور ٹیکسز کی بھر مار کر کے عام صارف کا زندہ رہنا مشکل بنا دیا گیا ہے۔ آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدوں کے نتیجے میں بجلی15 روپے سے بڑھا کر 80 روپے فی یونٹ پر پہنچادی ہے۔ جس کی وجہ سے ملک بھر میں موجود صنعتیں بند، کاروبارتباہ و برباد بے روزگاری و مہنگائی کا طوفان برپا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک و عوام کی حالت زار پر رحم کرے سارا بوجھ صارف پر ڈالنے کی بجائے حکمران اپنے اور سرکاری محکموں کے افسران کے شاہانہ اخراجات میں کمی اور سادگی و کفایت شعاری کی پالیسی پر عملدرآمد کرے تاکہ غریب عوام اپنے بچوں کو 2 وقت کی روٹی مہیا کرسکیں ۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



