فوجی فاؤنڈیشن اسکول دھریالہ جالپ میں آگاہی سیمینار کا انعقاد

پنڈدادنخان: فوجی فاؤنڈیشن اسکول دھریالہ جالپ میں سکیورٹی کے اقدامات اور شہریوں کی ذمے داریوں کے حوالے سے ایک اہم آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔
سیمینار میں ڈی ایس پی پنڈدادنخان محمد اکرم، ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان رانا عبدالطیف، انچارج پولیس چوکی دھریالہ جالپ شکیل عباسی، ان کی ٹیم اور پنجاب ہائی وے پولیس کے افسران نے شرکت کی۔
سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد ڈی ایس پی محمد اکرم اور ایس ایچ او رانا عبدالطیف نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حفاظتی تدابیر اور موجودہ حالات میں شہریوں کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں امن و امان کی بحالی صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہی نہیں بلکہ ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
سیمینار میں شریک طلباء کے ساتھ ایک بامعنی اور معلوماتی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں طلباء نے سیکیورٹی سے متعلق مختلف سوالات کیے جن کے جوابات افسران نے نہایت ذمہ داری سے دیے۔
ڈی ایس پی پنڈدادنخان نے ادارے کی تعلیمی اور حفاظتی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسکول انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ اسکول کے وائس پرنسپل محمد علی اور عطیہ حامد علی نے تمام معزز مہمانوں اور اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی شعور اجاگر کرنے کے لیے اس نوعیت کے پروگرامز وقت کی ضرورت ہیں۔
سیمینار کے اختتام پر قومی ترانے کی گونج سے ماحول حب الوطنی کے جذبات سے بھر گیا۔ شرکاء نے "پاکستان زندہ باد”، "پاک فوج زندہ باد”، "پنجاب پولیس زندہ باد” اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔



