یومِ تکبیر پاکستانی قوم کی غیرت اور خودمختاری کا دن ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے یومِ تکبیر کے موقع پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے پاکستانی قوم کی خودمختاری، غیرت اور اجتماعی قوت کا مظہر قرار دیا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998ء کا دن ہماری تاریخ کا وہ روشن باب ہے جب پاکستان نے ایٹمی تجربات کر کے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا کہ ہم اپنی قومی سلامتی، خودمختاری اور وقار کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

ڈی سی میثم عباس کا کہنا تھا کہ یومِ تکبیر صرف ایک سائنسی یا دفاعی کارنامہ نہیں بلکہ یہ پوری قوم کی جدوجہد، عزم و ہمت، اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ "یہ دن ہمارے سائنسدانوں، افواج، اور قیادت کے یکساں عزم و استقلال کا مظہر ہے، جنہوں نے ہر قسم کے بیرونی دباؤ اور اندرونی مشکلات کے باوجود پاکستان کو ایک ناقابل تسخیر ایٹمی قوت بنایا۔”

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ایک پرامن ایٹمی طاقت ہے اور اس کا نیوکلیئر پروگرام صرف دفاع، خودمختاری اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ہے۔ "ہماری ایٹمی طاقت کسی کیخلاف جارحیت کا ہتھیار نہیں بلکہ ہماری بقاء، خوداعتمادی اور امن کی علامت ہے۔”

اپنے پیغام کے آخر میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یومِ تکبیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اگر یکسو ہو جائیں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں اپنے مقصد کے حصول سے نہیں روک سکتی۔ جس طرح ہم نے دفاعی میدان میں سنگ میل عبور کیا، اسی جذبے سے معاشی استحکام اور ترقی بھی یقینی بنائیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button