اسسٹنٹ کمشنر جہلم کا سبزی منڈی کا دورہ، سبزیوں اور پھلوں کی بولی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا

جہلم: رمضان المبارک میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور شہریوں کو سستی اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے جہلم سبزی منڈی کا دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے علی الصبح منڈی میں سبزیوں اور پھلوں کی بولی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا اور نیلامی کی براہِ راست نگرانی کی۔
دورے کے دوران انہوں نے آڑھتیوں اور مارکیٹ کمیٹی کے عملے کو ہدایت کی کہ بولی کا عمل مکمل شفاف بنایا جائے تاکہ عام مارکیٹ میں قیمتیں مستحکم رہیں اور صارفین کو ریلیف مل سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر موجود خریداروں سے بھی بات چیت کی اور مختلف اجناس کے نرخوں کا موازنہ کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔
اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے دوران ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور منڈی سے جاری ہونے والے سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے منڈیوں، بازاروں اور کریانہ اسٹورز کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ رمضان المبارک میں اشیائے خورونوش مناسب قیمتوں پر دستیاب رہیں۔



