عوامی مقامات اور بلند و بالا عمارتوں میں حفاظتی اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کی سیکیورٹی صورتحال، کرسمس کی تیاریوں، روڈ ٹریفک مینجمنٹ، فائر سیفٹی اور دیگر اہم اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، جہلم پولیس، ٹریفک پولیس، ضلع کونسل، سوشل ویلفیئر، واپڈا، محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، میونسپل کمیٹی اور ڈی او ریسکیو کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈی او ریسکیو انجینئر سعید احمد نے ماہِ نومبر کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ماہ ضلع جہلم میں مجموعی طور پر 498 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں 592 افراد زخمی ہوئے۔ تشویشناک امر یہ ہے کہ ان 498 حادثات میں سے 487 حادثات صرف موٹر سائیکل سواروں کے تھے، جن کے نتیجے میں 7 قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔

ڈی او ریسکیو نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ روڈ ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر بنے غیر ضروری یو ٹرنز اور خطرناک روڈ کراسنگز کو فوری طور پر بند کروانا ناگزیر ہے کیونکہ یہ حادثات کی بنیادی وجہ بن رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کرسمس کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کے تہوار پر گرجا گھروں کی سیکیورٹی، صفائی ستھرائی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے تمام محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔ انہوں نے پولیس اور ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ ریسکیو کی جانب سے نشاندہی کردہ خطرناک مقامات اور غیر قانونی یو ٹرنز کا فوری معائنہ کر کے انہیں بلاک کیا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹی اور دیگر اداروں کو ہدایت کی کہ فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے اور عوامی مقامات اور بلند و بالا عمارتوں میں حفاظتی اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں سے تاکید کی کہ شہریوں کی حفاظت کے لیے تجویز کردہ اقدامات پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور اس کی رپورٹ پیش کی جائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button