جہلم میں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، صورتحال کا جائزہ لیا

جہلم: وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا اور متاثرہ عوام سے ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے پاک فوج، ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں کے اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کے جذبے، مستعدی اور خدمات کو سراہا۔
وزیر مملکت نے سیلاب زدگان سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرین کی فوری بحالی، امداد اور دوبارہ آبادکاری کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر و حوصلے کا مظاہرہ کریں اور ریلیف آپریشن میں حکومتی اداروں کا بھرپور ساتھ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وفاقی و صوبائی حکومتیں یکجا ہو کر متاثرین کی مدد کر رہی ہیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔



